کورنگی میں نالے میں گر کر بزرگ شہری جاں بحق، مقامی قبرستان میں سپرد خاک

0
840

کورنگی میں نالے میں گر کر جاں بحق ہونے والے بزرگ شہری کالے خان کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

80 سالہ کالے خان ولد محمد اسلم منگل کی شام کورنگی نمبر تین کبڈی گراؤنڈ کے قریب نالے میں گر کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ متوفی کی نماز جنازہ بدھ کو جامعہ مسجد عمر فاروقؓ، کورنگی نمبر تین سیکٹر 35 میں ادا کی گئی، جس میں اہلخانہ اور علاقے کے مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

نماز جنازہ کے بعد بزرگ شہری کو نورانی گوٹھ قبرستان، کورنگی نمبر ایک میں سپرد خاک کیا گیا۔ کالے خان اپنی فیملی کے ساتھ جھوپڑ پٹی میں رہائش پذیر تھے اور کچرا اور گتے جمع کر کے اپنا گزر بسر کرتے تھے۔

اہلخانہ کے مطابق، منگل کی شام تقریباً سوا چھ بجے مغرب کی نماز کے بعد کالے خان گھر کی طرف جا رہے تھے کہ پیر پھسلنے کے باعث نالے میں گر گئے۔ حادثے کے وقت سڑک پر اسٹریٹ لائٹ موجود نہیں تھی اور اندھیرا تھا۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں کئی کھلے گٹر اور نالے ہیں، جن کی حفاظتی دیواریں موجود نہیں ہیں، اور اس سڑک پر رات کے وقت سناٹا رہتا ہے۔ نالے کے سامنے معذور افراد کا اسکول بھی موجود ہے، جس کے قریب حال ہی میں وزیراعلیٰ آئے تھے اور ان کی آمد پر نالے کو عارضی طور پر قناتوں سے ڈھانپا گیا تھا۔

متوفی کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق، رواں سال شہر قائد میں کھلے گٹروں اور نالوں میں گر کر جان بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے، جن میں 6 بچے اور 3 بچیاں شامل ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا