اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدی پالیسی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پالیسی کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اور دنیا بھر کی حلال گوشت کی مارکیٹ میں پاکستان کا برآمدی حصہ قابلِ قدر بنانے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی سے تیار کردہ جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدی منڈی میں اضافے کے لیے قائم کمیٹی پیداوار، کولڈ اسٹوریج اور دیگر معاون عوامل کو بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لائیو اسٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق اور علاقائی پیداواری مسابقت کے قابل بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، جبکہ حلال گوشت کی پیداواری اور غذائی قدر میں اضافے کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نہ صرف مسلم ممالک بلکہ عالمی حلال گوشت مارکیٹ میں بھی پاکستان کے لیے برآمدات بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں موجود ذبیحہ خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفکیشن اور دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ رجسٹریشن کے عمل میں حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں موجود ذبیحہ خانوں کو بیماری سے پاک رکھنے اور عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدات، بالخصوص علاقائی تناظر میں، بڑھانے کے لیے اس شعبے کی لاگت کم سے کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور بزنس ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین طریقہ کار کے مطابق ترتیب دیا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بیماری سے پاک حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی زونز اور مراکز کے قیام کی ضرورت ہے۔ بریفنگ کے مطابق پاکستان میں حلال گوشت کی مجموعی پیداوار تقریباً 6 ملین میٹرک ٹن ہے، جس میں مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد خاطرخواہ مقدار برآمد کے لیے دستیاب ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حلال گوشت کی پیداوار میں اضافے اور عالمی معیار کی پیکجنگ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





