لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم ان کی ریڈ لائن ہیں اور وہ خود کو وزیراعلیٰ نہیں بلکہ عوام کی خادم سمجھتی ہیں۔
لودھراں میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے 9 ہزار 5 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں، جن میں سرکاری کالجز کے 1295 اور یونیورسٹیوں کے 6655 طلبہ شامل ہیں۔
مریم نواز نے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس سے بھی بڑھ کر کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان کا دورہ کیا اور ایک ماں کے لیے تمام بچے برابر ہوتے ہیں، اس میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہوتی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاہے طلبہ کا تعلق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لودھراں یا لیہ سے ہو، سب کے لیے مواقع یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی محنت نے نہ صرف ان کے والدین بلکہ ان کا خواب بھی پورا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اہلکار دن رات صوبے بھر میں صفائی کے کام میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی کے قیام سے پنجاب کو جرائم سے پاک کیا جا رہا ہے اور مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ پنجاب خواتین کے لیے پہلے سے زیادہ محفوظ بن چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کا خاص خیال ہے، خواتین زیور پہن کر نکلیں تو کسی کو انہیں دیکھنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے کسی بھی واقعے پر پولیس فوری کارروائی کرتی ہے اور بچوں و خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بچوں اور بچیوں کے لیے ایسے کام کیے جائیں گے کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام منصوبے ڈیڑھ سے دو سال کے مختصر عرصے میں مکمل یا تکمیل کے مراحل میں ہیں اور ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا گیا ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں ایک سال کے دوران ایک لاکھ 25 ہزار گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 70 سے 80 ہزار گھر تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو تین مرلے کے مفت پلاٹ بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دو سال میں 30 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں، صوبے بھر میں بڑے ہسپتال بن رہے ہیں، لاہور میں کینسر کا پہلا سرکاری ہسپتال زیر تعمیر ہے جبکہ ہر شہر میں دل کے امراض کے ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں۔ کلینک آن ویلز عوام کی دہلیز پر علاج فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنا اعمال نامہ عوام کے سامنے رکھ رہی ہیں کیونکہ وہ عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو ہزار قبضہ شدہ پراپرٹیاں واگزار کروائی جا چکی ہیں، ڈالا اور وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے اور اب پنجاب مافیا فری صوبہ بن چکا ہے۔





