ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی قیامت تک قائم رہے گی اور آنے والے برسوں میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
صدر اردوان کا کہنا تھا کہ پاک ترک دوستی صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ کی بنیاد پر قائم ہے، جس نے وقت کے ہر امتحان میں خود کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
ترک صدر نے بتایا کہ پاکستان نیوی کے لیے پی این ایس خیبر فراہم کیا جا رہا ہے، جس نے تمام آزمائشی مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔ ان کے مطابق پی این ایس بدر 2026 کے اختتام تک جبکہ پی این ایس طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کے حوالے کر دیا جائے گا۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ جنگی طیارے بنانے والے دنیا کے 10 ممالک میں شامل ہے اور ہم ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ کسی بھی ملک کے ساتھ کشیدگی، لڑائی یا تصادم نہیں چاہتا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔






