صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں زیاراتِ مقدسہ پر حاضری دی اور امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
صدر مملکت نے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر حاضری دی، جہاں فاتحہ خوانی کی اور دعا مانگی۔ بعد ازاں انہوں نے کاظمیہ مقدسہ میں امامِ موسیٰ الکاظمؒ اور امامِ محمد التقیٰ الجوادؒ کے روضوں پر بھی حاضری دی۔
روضۂ کاظمیہ میں صدر آصف علی زرداری نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمی امن اور اسلامی ممالک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور ائمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو علم، صبر، حکمت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا دائمی سرچشمہ قرار دیا۔
صدر مملکت نے بغداد میں امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اسلامی فقہ، علم اور رواداری کے فروغ میں امام ابو حنیفہؒ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دورے کے دوران صدر مملکت نے مختلف مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقاتیں کیں اور زیاراتِ مقدسہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ دورہ صدر مملکت کے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ورثے سے وابستگی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔





