بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ غیر اخلاقی تھا، پاکستانی پلیئرز کو تحمل کی ہدایت دی: سرفراز احمد

0
504

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ غیر اخلاقی تھا، تاہم پاکستانی ٹیم نے مکمل تحمل اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آباد میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ شاہد انور، کپتان فرحان یوسف اور اوپنر سمیر منہاس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے میدان میں غیر مناسب رویہ اختیار کیا، جس پر انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو واضح ہدایات دیں کہ کسی قسم کے ردعمل میں آئے بغیر اپنی کرکٹ پر توجہ رکھیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی کو مہذب انداز میں سیلیبریٹ کیا اور ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ کو مقدم رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں اخلاقیات اور نظم و ضبط بے حد اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک منظم اور طویل پراسس کا نتیجہ ہے، جس کا مکمل کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ کوچنگ اسٹاف نے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور محنت کی، اور یہی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

سرفراز احمد نے مزید بتایا کہ ٹیم کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے انڈر 19 ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

کپتان فرحان یوسف نے اس موقع پر کہا کہ وطن واپسی پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا، وہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سپورٹ پر شکر گزار ہیں اور اب ٹیم کی تمام توجہ انڈر 19 ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔

کوچ شاہد انور نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے 70 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں سے 30 کھلاڑیوں کا پانچ ماہ پر مشتمل تربیتی کیمپ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے فیئر لیس کرکٹ کے اصولوں پر عمل کیا، اتحاد اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا، جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا