سندھ حکومت کی مالی معاونت سے انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی کثیرالمنزلہ عمارت کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا، جس کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ منصوبے کی لاگت 72 ارب روپے ہے اور یہ 1350 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات فراہم کرے گا۔ اسپتال میں 36 آپریشن تھیٹرز، او پی ڈی اور جدید ایمرجنسی رومز شامل ہوں گے، جبکہ تمام مریضوں کو بلا امتیاز مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور مکیش کمار چاولہ سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی اور اسپتال عہدیداران موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ انڈس یونیورسٹی اسپتال صرف ایک عمارت نہیں بلکہ خدمت اور وقار کا عہد ہے۔ یہ منصوبہ وژن، دیانت اور اجتماعی عزم کی روشن مثال ہے اور سندھ حکومت آئندہ نسلوں تک اسپتال کے ساتھ شراکت مضبوط رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کے لیے سندھ حکومت کی معاونت 18 ارب روپے ہے، جو عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے بڑھتے چیلنجز میں انڈس جیسے معتبر ادارے ناگزیر ہیں اور یہ اسپتال پورے پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی تب ممکن ہے جب حکومت اور وژن رکھنے والے ادارے عوام کے لیے یکجا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کا افتتاح کرسمس کے دن ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں شاندار کام کر رہی ہے اور انڈس اسپتال کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید بڑھایا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں صحت کے مسائل کی نشاندہی کریں، اور این آئی سی وی ڈی میں پوری دنیا میں مفت علاج کیا جا رہا ہے۔





