سی ٹی ڈی لکی اور لکی مروت پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر برکت اللہ عرف برکتی عرف ابوذر کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی ضلع لکی کے علاقے وانڈہ امیر خان کے مضافات میں انجام پائی، جس میں عوامی امن کمیٹیوں کے رضاکاروں نے بھی پولیس کے ساتھ حصہ لیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان (PSP) کی قیادت میں سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز اور مقامی پولیس نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر نے ساتھیوں سمیت پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر موقع پر ہلاک ہوگیا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران اس کی لاش اور زیرِ استعمال اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد مختلف فرضی ناموں سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کا سرغنہ اور سہولت کار تھا اور متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں پولیس و سیکیورٹی فورسز پر حملے، قتل، اقدامِ قتل اور بھتہ خوری شامل ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی لکی، لکی مروت پولیس اور امن کمیٹی کے رضاکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور عوام متحد ہیں اور جلد لکی مروت کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔





