امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو نام نہاد ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، جو غزہ میں جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور تنازعات کی نگرانی کرے گا۔
یہ بورڈ غزہ کی عارضی گورننس کی نگرانی کے لیے تشکیل دیا جا رہا ہے، جہاں اکتوبر سے ایک نازک جنگ بندی نافذ ہے اور جو دو سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری کے بعد شدید تباہی کا شکار ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک روز قبل بورڈ کے مجوزہ ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ یہ پیش رفت غزہ پر حکمرانی کے لیے قائم فلسطینی ٹیکنوکریٹس کمیٹی کے قاہرہ میں ہونے والے پہلے اجلاس کے بعد سامنے آئی۔
اس اجلاس میں امریکی صدر کے داماد اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق سابق مشیر جیرڈ کشنر نے بھی شرکت کی، جہاں غزہ کے مستقبل، انتظامی ڈھانچے اور جنگ کے بعد کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔






