شہرِ قائد کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم ایک پلاسٹک فیکٹری میں لگنے والی آگ بے قابو ہو گئی، جس کے بعد آتشزدگی کو تیسرے درجے کا قرار دے دیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ صبح 8 بجے کے قریب پیش آیا، جس کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی شدت کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، ریسکیو ٹیمیں اور واٹر ٹینکر طلب کر لیے گئے، جبکہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی شدت انتہائی زیادہ ہے اور فیکٹری تین اطراف سے شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔
ان کے مطابق آتشزدگی نے دو فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جسے بجھانے کے لیے 10 سے زائد فائر ٹینڈر اور اسنارکل مصروفِ عمل ہیں، جبکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ ملیر کورٹ سے قائدآباد تک شدید ٹریفک جام کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے بحالی گیان چند ایسرانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو اداروں کو فوری طور پر عملے سمیت موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے متاثرہ فیکٹری کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور کے ایم سی و فائر سروسز کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے، متاثرہ مزدوروں اور ان کے اہلِ خانہ کی فوری مدد یقینی بنانے اور ریسکیو ٹیموں کو حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔





