یہ جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے،عطا تارڑ

0
680

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی جو لہر دوبارہ سامنے آئی ہے، اس کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں کا کردار ہے۔

لاہور میں علما کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر اظہارِ یکجہتی کے لیے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر عبادت میں مصروف افراد کو نشانہ بناتے ہیں، انہیں انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے، کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست کی جانب سے تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مراکز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مضافاتی علاقے میں واقعہ پیش آنا افسوس ناک ضرور ہے، تاہم اسے سیکیورٹی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو متحد ہو کر اس انتہاپسند سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور وہ اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ سیاسی گفتگو نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم ماضی میں آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد کے نتیجے میں خودکش حملے ختم ہو گئے تھے اور کراچی سمیت ملک میں امن بحال ہوا تھا۔ بعد ازاں ایک سوچ کے تحت دہشت گردوں کو پرامن قرار دے کر ان سے بات چیت کی گئی اور انہیں سیٹلڈ علاقوں میں بسایا گیا، جس کے نتائج آج قوم بھگت رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بعد جو صورتحال دوبارہ پیدا ہوئی ہے، اس کے پیچھے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اب ہارڈ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کھو چکے ہیں، اسی لیے وہ دور دراز اور مضافاتی علاقوں میں سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ اسلام آباد واقعے کے حوالے سے تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی ملک میں ہم آہنگی کے فروغ اور دہشت گردانہ نظریات کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی نمائندگی موجود ہے، جبکہ ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، دہشت گرد معمولی مفادات کے لیے مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، تاہم ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے وزیر داخلہ کو مکمل ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا