پاکستان تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک گیر سوگ اور احتجاج کی کال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے المناک بم دھماکے میں درجنوں معصوم شہریوں کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے 7 فروری 2026 بروز ہفتہ دی گئی ملک گیر سوگ اور احتجاج کی کال کی مکمل حمایت کی جاتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر ہونے والے خودکش حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد شہدا کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے 33 افراد کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ پمز اسپتال میں دھماکے کے بعد مجموعی طور پر 149 کیسز لائے گئے تھے، جن میں 121 زخمی اور 28 لاشیں شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق رات بھر طبی امداد کے بعد پمز اسپتال میں زخمیوں کی تعداد 64 رہ گئی ہے، جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ 9 زخمی آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کا علاج سرجیکل وارڈ نمبر 1 اور 4 میں جاری ہے، جبکہ پولی کلینک اسپتال میں بھی 13 زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں بڑی تعداد میں نمازی شہید اور زخمی ہوئے۔






