وزیراعظم شہباز شریف غزہ پیس بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس میں غزہ پیس بورڈ میں شامل تمام ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 13 سے 15 فروری تک جرمنی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ جرمنی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم وہیں سے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق غزہ پیس بورڈ کے اجلاس میں شامل تمام مسلم ممالک مشترکہ مؤقف اختیار کریں گے۔ اجلاس کے دوران غزہ کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام کے لیے ممکنہ اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس غزہ میں جاری بحران کے تناظر میں عالمی سطح پر امن کی کوششوں کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






