امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو کرپشن مقدمات میں معافی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو کو معافی ملنی چاہیے اور انہیں ریلیف نہ دینا شرمناک ہوگا۔ انہوں نے اس معاملے پر اسرائیلی قیادت اور عوام سے بھی آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
ٹرمپ نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی ممکنہ معافی کا معاملہ زیر غور ہے اور اس پر فیصلہ آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کے بیرونی یا اندرونی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو کرپشن کے مختلف مقدمات کا سامنا ہے، جو طویل عرصے سے اسرائیل کی سیاست میں اہم موضوع بنے ہوئے ہیں۔






