اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں دیا گیا دھرنا اب ختم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اراکین اسمبلی نے بانی کی صحت کے معاملے پر احتجاج کیا تھا اور اسی سلسلے میں معاملہ عدالت میں بھی لے جایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ بانی کو ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو جیل خانہ بنا دیا گیا تھا اور جب وہ پارلیمنٹ سے باہر نکلنا چاہتے تھے تو راستے بند کر دیے گئے۔
راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر احتجاج کے دوران متعدد پابندیاں عائد کی گئیں۔ بانی کی آنکھ سے متعلق خبر سامنے آنے پر محمود اچکزئی نے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد صرف یہ تھا کہ ذاتی معالجین کو بانی تک رسائی دی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی کی بہنوں کے جذبات درست ہیں اور انہیں ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بانی کی آنکھوں کی حالت بہتر ہوگی اور مطالبہ کیا کہ انہیں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





