اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان عبادت، تقویٰ اور روحانی پاکیزگی کی تجدید کا مہینہ ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حقیقی عبادت انسان کے کردار کی اصلاح اور باہمی ایثار کا درس دیتی ہے۔ روزہ صبر، نظم و ضبط اور ذمہ داری کی عملی تربیت فراہم کرتا ہے جبکہ رمضان کمزور اور مستحق طبقات کا احساس دلانے اور معاشرتی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا ذریعہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رمضان پیکیج کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد مستحق افراد کی مدد کرنا ہے۔ ان کے مطابق مالی امداد مستحقین کو باعزت طریقے سے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ ہر گھرانہ سحر و افطار کی خوشیاں برقرار رکھ سکے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن و سنت کی تعلیمات اور رمضان کی حقیقی روح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی نصیب کرے۔





