لاہور: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ استحصال کا خاتمہ اور مساوات کا قیام ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ آئینِ پاکستان سماجی انصاف کی ضمانت دیتا ہے اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھا کر 716 ارب روپے کر دیا گیا ہے اور اس کے تحت ایک کروڑ گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ حکومت صحت، تعلیم اور خوراک تک رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ بزرگوں، خواتین، خصوصی افراد اور نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کے فلاحی پروگرام بھی وفاقی کوششوں کا حصہ ہیں۔
آصف علی زرداری نے مہنگائی اور موسمیاتی تبدیلی کو بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے وسائل کے مؤثر استعمال اور اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی انصاف پائیدار ترقی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان اقوامِ متحدہ کے موضوع ’’شمولیت کو بااختیار بنانا‘‘ کی حمایت کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کشمیر اور فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف منتخب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا مؤثر کردار ادا کرے، کیونکہ منصفانہ معاشرہ ہی امن اور خوش حالی کی بنیاد ہے۔





