لاہور: پرو ہاکی لیگ کے آسٹریلیا میں دوسرے مرحلے کے دوران قومی ٹیم کی ناقص رہائش اور خوراک کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھجوا چکے ہیں۔
انہوں نے پرو ہاکی لیگ کے دوران بدانتظامی کا ذمہ دار پاکستان سپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے لیے فنڈز پی ایس بی کے پاس موجود تھے لیکن رقم بروقت جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث ٹیم کو آسٹریلیا میں رہائش اور دیگر سہولیات کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے تھے، تاہم فنڈز کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
صدر فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی میں دو سالہ پابندی عائد کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے رقم وقت پر ادا نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق وہ خود پاکستان سپورٹس بورڈ گئے اور فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا مگر انہیں بتایا گیا کہ ادائیگی میں دو ماہ لگ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلیا سے وطن واپسی پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان نے سہولیات کی کمی سے متعلق سنگین شکایات کی تھیں، جس پر وزیراعظم کی جانب سے نوٹس بھی لیا گیا تھا۔





