ایران سے متعلق اچھی خبر متوقع، کل سرپرائز ہو سکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

0
1361

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق مثبت پیش رفت متوقع ہے اور کل کوئی بڑا سرپرائز سامنے آ سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کی بندرگاہوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی، تاہم انہیں امید ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ کل وائٹ ہاؤس میں ایک اہم اور بااثر شخصیت کی آمد متوقع ہے اور ایک غیر معمولی نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی، جہاں ایران سے متعلق سوالات زیر بحث آئیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی کامیابی سے جاری ہے جبکہ ایران کے ساتھ متعدد نکات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے، تاہم ایرانی قیادت اپنے عوام کو مطمئن کرنے کے لیے مختلف بیانات دے رہی ہے۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دے گا، اور اگر معاہدہ طے پا گیا تو ایران کا نیوکلیئر مواد امریکا منتقل کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے جنگ بندی میں توسیع نہ کی جائے لیکن ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔

امریکی صدر نے لبنان کے حوالے سے بھی کہا کہ امریکا اس ملک کو دوبارہ مستحکم بنانے میں مدد کرے گا، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو ایک اچھا شراکت دار قرار دیتے ہوئے بعض معاملات پر اختلافات کا بھی ذکر کیا۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھول دیا ہے، تاہم اس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی سے مشروط ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں اسے دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا