بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر چینی نائب صدر ہان ژینگ نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چین میں امریکی سفیر، امریکا میں چینی سفیر اور چین کے ایگزیکٹو نائب وزیرخارجہ ما ژاؤشو بھی موجود تھے۔
امریکی صدر کے استقبال کے لیے تقریباً 300 چینی نوجوان بھی موجود تھے جنہوں نے امریکی اور چینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
صدر ٹرمپ کے ہمراہ ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ، بہو لارا ٹرمپ اور ایلون مسک بھی موجود تھے۔
چینی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران صدر ٹرمپ کی چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات ہوگی جس میں ایران جنگ، تجارتی تعلقات اور ٹیرف سمیت کئی معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ سے ایران جنگ پر تفصیلی بات چیت کریں گے اور چین کو امریکی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے پر زور دیں گے۔
چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکی اور چینی صدور کی ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس میں خطے کی صورتحال، اقتصادی معاملات اور ایران امریکا کشیدگی پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔






