واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمرل بریڈ کوپر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد سرگرمیوں اور سکیورٹی خطرات کے باعث یہ خطہ اب بھی واشنگٹن کی توجہ کا مرکز ہے اور افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔
ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک بھی افغانستان سے پیدا ہونے والے دہشتگردی کے خطرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسدادِ دہشتگردی میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے اور خطے میں داعش خراسان کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان فوجی تعاون کے باعث دہشتگردوں کے خلاف ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ہیں اور یہ کامیابیاں دونوں ممالک کے مشترکہ عزم اور دوستی کا واضح ثبوت ہیں۔






