کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے مبینہ طور پر جعلی ہم جنس شادی کی کوشش کرنے والے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کے مطابق ملزم کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے اور وہ سری لنکا کے راستے آسٹریلیا جانے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ایف آئی اے امیگریشن نے اسے سفر کے دوران حراست میں لے لیا۔
امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل فون کی جانچ پڑتال کے دوران آسٹریلیا میں سیاسی پناہ اور ہم جنس پرستی سے متعلق مواد برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل 2019 میں ایران کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر چکا ہے، تاہم یونان پولیس نے گرفتار کرکے اسے ترکی واپس بھیج دیا تھا۔ علاوہ ازیں وہ 2022 میں مالدیپ سے بھی ڈی پورٹ ہو چکا ہے۔
تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے ایک آسٹریلوی شہری کو 40 لاکھ روپے ادا کیے۔ حکام کے مطابق مذکورہ غیر ملکی شہری اپریل 2026 میں پاکستان آیا تھا جہاں مبینہ طور پر شادی کا معاہدہ بھی کیا گیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔





