پاکستان خطے کی اہم طاقت اور یورپی یونین کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے: کایا کالاس

0
207

اسلام آباد: یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے پاکستان کو خطے کی ایک اہم طاقت اور یورپی یونین کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو یورپ بھر میں سراہا جاتا ہے۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون میں مثبت پیشرفت جاری ہے، جبکہ جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت دوطرفہ تجارتی تعلقات دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو یورپی یونین نے سراہا ہے اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ افغان سرزمین سے دہشت گرد عناصر کی پاکستان میں کارروائیاں بدستور تشویش کا باعث ہیں۔

کایا کالاس نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے تھے، تاہم یورپی یونین نے دونوں ممالک پر تحمل اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں فضائی حملوں کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔

یورپی یونین کی نمائندہ نے مزید کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور دونوں فریق موسمیاتی تبدیلی، گورننس، انسانی حقوق اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل پانچویں سال ایراسمس پلس اسکالرشپس حاصل کرنے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی یورپ بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا