اسلام آباد کے بابو نہیں، گلگت بلتستان کے عوام اپنے فیصلے خود کریں: بلاول

0
225

شگر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مستقبل کے فیصلے اسلام آباد میں بیٹھے بیوروکریٹس کے بجائے وہاں کے عوام خود کریں۔

حلقہ جی بی اے 12 شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ایک بار پھر عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ان کے درمیان آئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم اور پسماندہ طبقات کی نمائندگی کی ہے، جبکہ قائد عوام نے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط اور ایٹمی طاقت بنایا۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ انتخابی نتائج کے تحفظ کے لیے فارم 45 اپنے پاس رکھیں تاکہ عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ ہونے چاہئیں تاکہ عوامی حقِ حکمرانی کو حقیقی معنوں میں یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں ملک کے تمام علاقوں کو اسلام آباد سے چلانا چاہتی ہیں، حالانکہ مقامی مسائل کا بہتر حل مقامی سطح پر ہی ممکن ہے۔ ان کے مطابق اگر وسائل کی کمی کا سامنا ہے تو سب سے پہلے غیر ضروری وفاقی ڈھانچوں پر نظرثانی ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب اور مستحق طبقات کے لیے ایک اہم سماجی تحفظ کا منصوبہ ہے اور پیپلز پارٹی اس پروگرام کے تسلسل اور تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر اس پروگرام کو کمزور یا ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنائے گی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا تحفظ جاری رکھے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا