واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے اوپر گشت کرنے والے امریکی فوج کے ایک جدید اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹس محفوظ ہیں، تاہم اس واقعے کا جواب دینا ضروری ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں امریکی فوج کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ان کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک معمول کے گشتی مشن پر تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ پائلٹس محفوظ رہے ہیں اور انہیں بروقت ریسکیو کر لیا گیا، تاہم واشنگٹن اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور مناسب ردعمل پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بعض امریکی اور بین الاقوامی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اپاچی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تک سرکاری طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایرانی حملے کا نشانہ بنا یا کسی فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔ مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں پیش آنے والا یہ واقعہ خطے کی صورتحال پر مزید اثرات مرتب کر سکتا ہے۔





