پاکستان کا 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

0
168

اسلام آباد: ملک بھر میں آج پاکستان کا 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ مختلف مقامات پر توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشن آزادی کا آغاز ہوگیا اور شہر، گلیاں اور محلے سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے آتش بازی کی اور ریلیوں کی صورت میں جشن آزادی منایا۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی کی تقریبات میں شریک ہوئی۔ حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی، جبکہ ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔

یوم آزادی کے آغاز پر لاہور اور کوئٹہ میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ مساجد میں ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بانیان پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کی نظریاتی بنیادوں اور قومی اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں، جبکہ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہوکر امن، استحکام اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا