جماعت اسلامی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی: حافظ نعیم الرحمان

0
202

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، ماضی میں ایسے اتحادوں سے جماعت اسلامی کو فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوا۔

لاہور میں سینئر صحافیوں اور اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم کے ذریعے عوام کا مقدمہ لڑے گی اور نظام میں تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے دھرنوں کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے، تاہم ایسا نہیں ہوسکتا کہ لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے ہوں اور اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاول کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک طویل ہوگی لیکن فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے اور اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جبکہ پیدل مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے میڈیا سے مطالبہ کیا کہ حکومتی پٹرولیم لیوی کے اقدامات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کو “حکومت کا جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا