ریڈ لائن پر اجلاسات اور ناپید عدل

0
870

تحریر وتحقیق : مسعود چوہدری

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف خواتین کو اپنی ریڈ لائن قرار دیتی ہیں لیکن زمینی حقائق کیا کہانی سناتے پائے جاتے ہیں؟راولپنڈی اور گرد و نواح میں اگست کے وسط سے 8 نومبر تک کم از کم 9 خواتین کے قتل کی شناخت سامنے آ چکی ہے۔ ان میں ٹیکسلا کی شمسو بی بی، لال کرتی کی حنا جاوید، ڈھوک رتہ کی مسیحی خاتون صبا محبوب، چونترہ سے برآمد ہونے والی نبیلہ شاہین، پندرہ سالہ میمونہ، قریشی آباد میں ماں بیٹی راویلہ بی بی اور نومین اعجاز، اور اب 92 نیوز کی اینکر پرسن ربعہ احسن شامل ہیں۔ یہ محض الگ الگ جرائم کی خبریں نہیں۔ ان میں کہیں باپ اور بھائی نامزد ہیں، کہیں شوہر، کہیں دیور، کہیں ماموں اور کہیں مالی تنازع میں ملوث شخص۔ قاتل اکثر وہی ہیں جن کے سائے میں عورت کو محفوظ ہونا چاہیے تھا۔ جب خطرہ گھر کے اندر سے آئے تو ریاست کا کام صرف قاتل کو پکڑنا نہیں، خطرے کو پہلے پہچاننا بھی ہے۔

پنجاب بھر کی تصویر اس سے زیادہ سنگین ہے۔ ایک انسانی حقوق تنظیم کے مطابق 2021 سے 2025 کے درمیان پنجاب میں خواتین اور لڑکیوں سے متعلق 195787 مقدمات درج ہوئے، جن میں گھریلو تشدد کے 14824 مقدمات اور 3746 خواتین کے قتل شامل ہیں۔ پولیس کے اپنے ریکارڈ، جو آر ٹی آئی کے ذریعے حاصل ہوا، کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں خواتین کے خلاف جرائم کل مقدمات کا 4.8 فیصد رہے، جبکہ 2025 کے پورے سال میں یہ شرح 3.7 فیصد تھی۔ مقدمات کی تعداد 14657 بتائی گئی ہے،جبکہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے 420251 مقدمات میں سے 20114 خواتین کے خلاف جرائم بتائے گئے ہیں۔ درخواست گزار عبداللہ ملک ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈیٹا فراہم کرنے میں تقریباً نو ماہ لیے اور معلومات بھی نامکمل فراہم کیں، جبکہ سزاؤں کی شرح کے اعداد جان بوجھ کر نہیں دیے گئے۔ جو محکمہ سب سے اہم عدد ہی روک لے، اس کی کامیابی کے دعوے پر سوال اٹھنا فطری عمل ہے۔ اسی سوال کا جواب عدالتوں میں ملتا ہے۔

ایچ آر سی پی کے مطابق 2024 میں پنجاب میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے ساٹھ ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے، لیکن سزا صرف 924 ملزمان کو ہوئی۔ پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ کے مطابق 2022 میں صنفی تشدد کے مقدمات میں سزا کی شرح صرف چار فیصد تھی اور چھیانوے فیصد مقدمات میں ملزم بری ہوئے۔ ریپ کے مقدمات پر ایک حالیہ جائزے کے مطابق 2021 سے 2026 کے وسط تک پنجاب میں عدالتوں نے 639 ملزمان کو سزا دی اور 12741 کو بری کیا، یعنی تقریباً ہر بیس بریت کے بعد ایک سزا۔ اس کی بڑی وجہ ناقص تفتیش، کمزور چالان اور گواہوں کا عدم تحفظ بتایا جاتا ہے۔ غیرت کے نام پر قتل کی ایک بڑی تعداد عام قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج ہوتی ہے اور ایف آئی آر میں غیرت کا محرک واضح نہیں لکھا جاتا، یوں خصوصی قوانین بھی بروئے کار نہیں آ پاتے۔


اب اس کے مقابل دوسرے اعداد دیکھیے۔ ایچ آر سی پی کی فروری 2026 کی رپورٹ کے مطابق 2025 کے ابتدائی آٹھ ماہ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیوں میں کم از کم 924 مشتبہ قرار دیکر مارے گئے جبکہ دو پولیس اہلکار جان سے گئے۔ جون 2026 تک کمیشن نے اپریل 2025 کے بعد 808 مقابلے ریکارڈ کیے جن میں کم از کم 1,100 مشتبہ افراد ہلاک ہوئے۔ یوں ہومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ماورائے عدالت مارے گئے افراد کی تعداد دو ہزار سے متجاوز ہے۔ گو کہ اگر شفاف تحقیقات ہوں جو کہ ایک دن ضرور ہوں گی تو یہ تعداد رپورٹ میں بیان کردہ اعداد و شمار سے کئ گنا متجاوز نکلے گی۔ گو کہ سی سی ڈی ان ماورائے عدالت قتلوں کو اخباری اطلاعات پر مبنی اور بے بنیاد قرار دیتی ہے، لیکن کمیشن ہر مقابلے کی روداد اور ایف آئی آر ایک جیسی کہانی دہراتی قرار دیتا ہے۔ ایک اور پہلو بھی قابل توجہ ہے کہ ایک سال میں جتنی سزائیں عدالتوں نے دی ہیں فقط آٹھ ماہ میں اس سے کہیں زیادہ تو ماورائے عدالت ہلاکتیں کر دی گئ ہیں، یہ محض اتفاقیہ ہم آہنگی نہیں ہے بلکہ اس سے حکومتی۔ ترجیحات کا نقشہ صاف دکھائی دیتا ہے۔ عدالت میں سزا دلانے کی صلاحیت کمزور ہے اور سڑک پر فیصلہ سنانے کی رفتار تیز ہے۔

میمونہ کے مرکزی ملزم کا مبینہ پولیس مقابلے میں مارا جانا بھی اسی بحث کا حصہ ہے۔ اس عمل سے عوامی غصے کو وقتی تسکین ضرور ملتی ہے، مگر مقتولہ کے اہل خانہ سے عدالت میں سچ سامنے لانے کا حق چھن جاتا ہے۔ ملزم کے ساتھ شواہد، سہولت کاروں اور پورے جرم کی کہانی بھی دفن ہو جاتی ہے۔ تیز تر کیفر کردار تک پہنچانے کی چاہ میں مشتبہ افراد کو مقدمے سے پہلے مار دینا انصاف نہیں بلکہ نظام میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کو نظرانداز کرنا اور اپنی کارکردگی چھپانے کی کوشش ہے۔ وزیراعلیٰ نے 22 اکتوبرکو امن و امان کے اجلاس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر برہمی ظاہر کی اور افسران کو چار ہفتے کی مہلت دی۔ یہ مہلت ابھی ختم نہیں ہوئی، اس لیے حتمی گفتگو قبل از وقت ہوگی۔ لیکن اجلاس، مہلت اور تبادلے وہ بنیادی خلا نہیں بھر سکتے جو تفتیش اور استغاثہ میں موجود ہے۔ پولیس افسر کو چار ہفتے میں “نتائج” دکھانے کا حکم دیا جائے تو سب سے آسان نتیجہ ہمیشہ دو ہی ہوتے ہیں، یا مقدمات کم لکھے جائیں یا مقابلے زیادہ دکھائے جائیں۔

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا نظام ابھی تک “نظام انصاف” ہے، یعنی ایسا ڈھانچہ جو مقدمہ درج کرنے، چالان بھیجنے اور فائل چلانے کا نام ہے۔ ہمیں “نظام عدل” چاہیے، جس کا پیمانہ فائلوں کی تعداد نہیں بلکہ یہ ہو کہ مظلوم کو تحفظ ملا، مجرم کو سزا ملی اور بے گناہ کو بروقت رہائی۔ اس کے لیے چند عملی قدم ناگزیر ہیں۔ قتل کے مقدمات میں تفتیش کو امن و امان کی ڈیوٹی سے الگ کر کے تربیت یافتہ، محفوظ اور جواب دہ تفتیشی یونٹوں کے سپرد کیا جائے۔ فرانزک رپورٹس کی مدت مقرر ہو اور تاخیر پر ذمہ داری طے ہو۔ استغاثہ کو تفتیش کے ابتدائی مرحلے ہی میں شامل کیا جائے تاکہ کمزور چالان نہ بنیں۔

گواہوں اور مقتولہ کے اہل خانہ کے لیے عملی تحفظ ہو تاکہ دباؤ یا صلح کے بعد بریت کا راستہ بند ہو۔ تھانے کی سطح پر خواتین کی شکایات کا الگ ریکارڈ رکھا جائے کہ قتل سے پہلے کتنی خواتین نے مدد مانگی تھی اور سب سے بڑھ کر پولیس کو خوف کی علامت ہونے سے تبدیل کر کے قابل اعتماد ساتھی کے طور پر معاشرہ میں لایا جائے۔ اکتوبر 2026 میں سپریم کورٹ نے بھی صوبائی حکومتوں کو پولیس کی صنفی حساسیت کی تربیت کا پابند کیا ہے۔ہر مبینہ پولیس مقابلے کی آزاد عدالتی تحقیقات ہوں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خود قانون کی گرفت میں رہیں۔

ریڈ لائن کا مطلب یہ نہیں کہ لائن پارکرنے والا مار دیا جائے۔ اور نہ ہی یہ مطلب ہے کہ لائن پار کرنے کے باوجود طاقتور اپنے اثر و رسوخ کی بنیاد پر صرف نظر کر دیا جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لائن پار کرنے والا یقینی طور پر پکڑا جائے، کم ترین وقت میں منصفانہ مقدمہ چلے اور قانون کے مطابق جو سزا بنتی ہے وہ اسے ملے۔ کوئ رعایت حاصل نہ ہو سکے۔ جہاں قانون میں نرمی ہے وہاں قانون سازی کر کے چور دروازوں کو بند کیا جائے ۔ نظام کو اتنا مضبوط اور شفاف بنایا جائے کہ خودکار انداز میں اتنا بہترین کام کرتا رہے کہ ریڈ لائن سے نوٹس لینے تک صاحبان اقتدار کو جگانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ جب تک ایسا نہیں ہوتا، مقتولات کی فہرست لمبی ہوتی رہے گی اور اجلاس چھوٹے پڑتے رہیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا