لاہور(طلوع نیوز)مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے،بندوق، گالی اور بد تمیزی ن لیگ کا کلچر نہیں، مسلم لیگ ن نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے فیڈریشن کے عہدے داروں کے لیے 5 گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو خود کیے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی ن لیگ کا کلچر نہیں، میاں نوازشریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں کے قرض دئیے گئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا رول بہت اہم ہے، ن لیگ پر لازم ہے نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے اچھے فیصلے کرے۔
ان کا مزید کہا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجونواں پر مشتمل ہے، طلبہ کوپارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے اور جو طلبہ زیر تعلیم ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پارٹی سے منسلک کیا جائے۔






