احمد آباد(طلوع نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت کے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی سکور پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشیانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے بالکل قریب کر دیا۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 137 رنز کی اننگز کھیلی۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی سکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 18، کلدیپ یادیو نے 10 اور محمد شامی نے 6 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
کپتان پیٹ کمنز، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، سٹیو سمتھ، مارنوس لیبوشیانے، گلین میکسویل، جوش انگلس، مچل سٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ۔
کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، سوریا کمار یادیو، محمد شامی، محمد سراج۔
ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 13 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 8 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، رواں ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم 8 ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیل رہی ہے، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز بطور انعام ملیں گے۔






