Thursday, December 19, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

سی سی پی او لاہور کا محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کا حکم

سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں کینٹ اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او نے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران محرم الحرام سے متعلق سکیورٹی انتظامات کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پولیس افسران کی کارکردگی جانچنے کیلئے مقرر کردہ نکات پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کے وقار کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے افسران کو خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کے واقعات میں زیرو ٹالرنس اپنانے اور سائلین کیلئے اپنے  دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ افسران سائلین کے مسائل خود سنیں اور ان کو فوری انصاف دلائیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے تدارک کے لئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی اورانہیں معاشرے کا باعزت فرد بنانے سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی سی پی او نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب سیف سٹیز کے کیمروں سے بھرپوراستفادہ کیا جائے اور پولیس یونٹس آپس میں مربوط رابطے سے کارکردگی بہتر بنائیں۔ ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)محمد فیصل کامران، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال ، کینٹ اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوزاور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے اجلاس میں شرکت کی