Friday, November 15, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

حکومتی وعدوں پرتحریک لبیک نے فیض آباد کا قبضہ چھوڑ دیا

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ٹی ایل پی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ رانا ثنا اللہ نے ٹی ایل پی رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت ہر فورم پر اسرائیل کی مذمت کرے گی، اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دت دی گئی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک لبیک کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں دھرنا ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تحریک لبیک کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کردی۔

حکومت 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لیے امدادی کھیپ روانہ کرے گی

مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک لبیک فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف احتجاج پر موجود ہے، حافظ سعد رضوی کے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مطالبات تھے، حکومت فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کے لیے اپنی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے گی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحریک لبیک بھی ان کوششوں میں اپنی معاونت فراہم کریں گے، حکومت 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لیے امداد کی کھیپ روانہ کرے گی، ایک ہزار ٹن سے زائد خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا، غزہ پر حملے کے بعد اسرائیل دہشت گرد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ہے۔مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو دہشت گرد ہے، ہمارا اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، مسلم امہ سمیت پوری دنیا کو فلسطین میں مظالم بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،

مذاکرات کامیاب ، دھرنا ختم کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت جاری۔

اسرائیل سے متعلقہ مصنوعات اور پروڈکٹس اور اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا، اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ٹی ایل پی کے دوستوں کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے ہر فورم پر قدم اٹھائیں گے، فلسطین کے زخمیوں کے لیے ادویات بھیج رہے ہیں، فلسطینی طلبا پاکستان آنا چاہتے ہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے گی، فلسطین پر ظلم میں جو قوتیں ملوث ہیں ان کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسی مصنوعات کو روکے گی جو اسرائیلی مظالم کی مدد گار ہیں،

ٹی ایل پی کے قائدین کا شکریہ،رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اہم ایشو پر ہمیں الرٹ کیا ہے،تحریک لبیک اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات کرنے والوں میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد کی انتظامیہ شامل تھی۔اس مذاکرات کے حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق تحریک لبیک کی مذاکراتی ٹیم نے حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا، مذاکرات کا یہ پہلا دور گزشتہ روز جمعرات کو ہوا تھا۔واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف گزشتہ کئی روز سے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دیا ہوا تھا۔