نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شوہر سے خلع لینے کے لئے کیس فائل کرنے جا رہی ہوں ،بچوں کی حوالگی کا کیس بھی جلد عدالت میں دائر کروں گی ، شوہر کے ساتھ اب رہنا ممکن نہیں ہے۔
اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اینکرپرسن عائشہ جہانزیب اور ان کے شوہر حارث علی کے درمیان راضی نامہ ہوگیا ہے۔عائشہ جہانزیب نے وکیل عاصم ممتاز کے ہمراہ لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہوکر بیان قلمبند کروایا۔
دوران سماعت عدالت نے عائشہ جہانزیب سے پوچھا کہ چہرہ دیکھ کر لگ رہا ہے یہ تو بہت ظلم ہوا ہے، کیا آپ اپنی مرضی سے آئی ہیں؟ عائشہ جہانزیب نے کہا کہ یہ جو بھی ہوا ہے بہت ظلم ہے کسی عورت کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے لیکن جو بھی معززین نے فیصلہ کیا ہے میں اس کو مانتی ہوں۔
اینکر پرسن نے مزید کہا کہ میں ضمانت کی حد تک کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی، شوہر حارث کی ضمانت منظوری پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ عائشہ جہانزیب کا بیان سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ یہ ضمانت کی حد تک منظور کیا جارہا ہے، بریت کا فیصلہ چالان پر ہوگا۔ یاد رہے کہ کینٹ کچہری عدالت نے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے۔




