
ٹوکیو: پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور جاپان کی خواتین قیادت کے درمیان روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مریم نواز شریف نے ماتسوموتو آکیکو کو پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جاپان میں 35 سال تک خدمات عامہ میں آپ کا کردار قابل فخر اور قابل تحسین ہے۔
ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز، اور ستھرا پنجاب کو ٹوکیو کی ’کلین اتھارٹی‘ کی طرز پر استوار کرنے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے انفراسٹرکچر، شہری ترقی، قابل تجدید توانائی اور صاف پانی کے شعبوں میں جاپان کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کا ارادہ ظاہر کیا۔
مریم نواز شریف نے عوام کو سفر کی بہتر سہولیات، پنجاب کو صاف و سرسبز بنانے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا، جبکہ جاپان کو ترقی اور اقدار کا شاندار امتزاج قرار دیا۔
قبل ازیں مریم نواز شریف کی ٹوکیو میٹروپولیٹن آفس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔





