راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ازبکستان کے سرکاری دورہ پر تاشقند پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف، وزیر دفاع میجر جنرل شخرات خولموخامیدوف اور سیکرٹری قومی سلامتی کونسل لیفٹیننٹ جنرل وکٹر محمدوف سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں بدلتی ہوئی بین الاقوامی اور علاقائی جیو پولیٹیکل اور سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کے ازبکستان کے ساتھ گہرے اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر ازبکستان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔






