اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اللہ کے پاس دیر ہے، اندھیر نہیں، آج سپریم کورٹ نے 8 کیسز میں بانی کو ضمانت دے کر واضح کر دیا کہ یہ تمام کیسز ناجائز ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ تمام کیسز بوگس اور سیاسی بنیادوں پر قائم ہیں، اور میں چیف جسٹس صاحب اور سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے چیف جسٹس سے امید رکھتے ہیں کہ تمام ماتحت عدالتوں کو بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرنے کی ہدایت دیں۔
اسد قیصر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور لیڈرشپ کے خلاف تمام مقدمات بدنیتی پر مبنی اور سیاسی نوعیت کے ہیں۔ جن اراکین کو سزا دے کر نااہل کیا گیا، ان کے کیسز ہائی کورٹ میں براہِ راست کارروائی کے ذریعے سنے جائیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ تمام کارروائیاں لائیو ہوں اور میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہیں، اگر عدالتیں انصاف دیں گی تو عوام کا اعتماد بڑھے گا۔ ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں اور اپنی عدلیہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آزاد عدالتیں ہر شہری کو یقین دلائیں کہ انہیں انصاف ملے گا اور قوم ججز کے ساتھ کھڑی رہے گی۔






