پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں سہیل انور کے اہلیہ اور بیٹی کو ساتھ لے جانے پر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
چیمپئن شپ بنکاک میں ہوئی جس میں پاکستان کی باڈی بلڈنگ ٹیم نے بھی حصہ لیا۔ ٹیم کے ہمراہ چار آفیشلز گئے، جن میں سے تین کا تعلق ایک ہی گھر سے تھا۔ سہیل انور بطور ہیڈ کوچ اور منیجر جبکہ ان کی اہلیہ جج اور بیٹی ٹیسٹ جج کے طور پر بنکاک گئی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سہیل انور کو تین روز میں وضاحت جمع کرانے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ دوسری جانب سہیل انور نے بتایا کہ ان کی اہلیہ پاکستان کی واحد لائسنس یافتہ باڈی بلڈنگ جج ہیں اور بیٹی کو ٹیسٹ جج کے طور پر لے جانا ضروری تھا۔
سہیل انور نے مزید کہا کہ سب اپنی ذاتی رقم پر بنکاک گئے تھے اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین چیمپئن شپ کے لیے کوئی فنڈ فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ باڈی بلڈنگ نے ویمنز جج کی تقریری پر زور دیا تھا، اس لیے خواتین ججز کو لے جانا ضروری تھا تاکہ پاکستان کی نمائندگی ہو سکے۔






