کراچی: پاکستان کے تفتیشی اداروں نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کے ایک بڑے نیٹ ورک کا انکشاف کرتے ہوئے کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ اور ڈی آئی جی نے کراچی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ 18 مئی 2025 کو بدین کے ماتلی میں ایک شہری قتل ہوا۔ قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
اے آئی جی آزاد خان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ قتل کی منصوبہ بندی بھارتی ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی نے کی تھی، جو ایک خلیجی ریاست میں مقیم ہے۔ اس نے شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو اس واردات کے لیے ہائر کیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو دیکھا گیا، جبکہ عینی شاہدین نے بھی ملزمان کی شناخت کی۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ را نے اس قتل کے لیے خطیر رقم خرچ کی، اور بھارتی میڈیا نے اس واردات پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔






