اسلام آباد: آئینی بنچوں کے ججز کے انتخاب کے طریقہ کار پر فیصلہ نہ ہونے کے باعث معاملہ ایک بار پھر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کی صدارت میں جوڈیشل کمیشن کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، لیکن اجلاس آئینی بنچوں کے ججز کے انتخاب کے معیار اور طریقہ کار پر نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی ارکان قواعد سازی کی مخالفت کرتے رہے اور ہائی کورٹ ججز کی کارکردگی کے جائزے کے قواعد پر بھی فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی تاکہ آئینی بنچ کے ججز کے انتخاب کے طریقہ کار اور معیار پر حتمی رائے دی جا سکے۔
یاد رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد آئینی بنچوں کے ججز کی تقرری کے لیے کوئی باضابطہ طریقہ کار موجود نہیں ہے، اور چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے اسی مقصد کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی، جو خود جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔






