اٹک: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ضلع اٹک کے علاقے فتح جنگ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر نے عوام سے مصافحہ کیا اور ان کے مسائل براہِ راست سنے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عہدوں سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف قوم میں پاکستان سے محبت کا نیا جذبہ پیدا کیا ہے اور ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ جب تک وہ گورنر ہاؤس میں فائز ہیں، غریب شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے قریب رہے گی چاہے اقتدار میں ہو یا نہ ہو۔





