چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ریٹائرڈمیجر جنرل علی فرحان، سی ڈی اے ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفیس رضا، ڈائریکٹر آئی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد کو ڈیجیٹائز کرنے اور اسے فری وائی فائی سٹی میں تبدیل کرنے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور شہریوں کو اعلی معیار کی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں
ابتدائی طور پر شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں تیس مختلف مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان تیس مقامات میں مرکزی مرکز، میٹرو اور الیکٹرک فیڈر بس اسٹیشن، پارک اور دیگر ہائی ٹریفک علاقے شامل ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مفت وائی فائی سروس سے فائدہ اٹھانے کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم اس اقدام میں این ٹی سی کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اس نظام کو خود کفیل بنانے کے لئے آپریشنل اور مارکیٹنگ ماڈل تیار کیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو اس سہولت کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے استعمال کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس نظام کا آپریشن اور دیکھ بھال این ٹی سی کی ذمہ داری ہوگی۔ اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ اس نظام کے تحت اسلام آباد کو جلد ہی ایک مفت وائی فائی شہر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔






