اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالی سال 2024-25 کے آڈیٹ شدہ مالی گوشوارے 29 اگست 2025 تک جمع کرائیں۔ ترجمان کے مطابق یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعات 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے تحت جمع کرانا لازمی ہیں، اور فارم ڈی پر مکمل تفصیلات کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ہر جماعت کو اپنی آمدن، اخراجات، اثاثہ جات، واجبات اور فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی، اور 1 جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل اسٹیٹمنٹس منسلک کرنا بھی ضروری ہے۔ تمام دستاویزات براہِ راست جماعت کے مجاز نمائندے کے ذریعے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائی جائیں گی، جبکہ ڈاک، فیکس یا کوریئر کے ذریعے موصول شدہ دستاویزات قبول نہیں کی جائیں گی۔






