پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس اعجاز خان کے بینچ نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جس کے بعد 5 اگست کو الیکشن کمیشن نے دیگر ممبران کے ساتھ زرتاج گل کو بھی نااہل قرار دیا۔
جسٹس وقار احمد نے وکیل سے سوال کیا کہ آپ لاہور ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کی اسی نوعیت کی درخواستیں یہاں زیر سماعت ہیں اور انہیں بھی اسی کیس میں نااہل کیا گیا۔
عدالت نے فیصلہ کیا کہ دیگر درخواستوں کے ساتھ اس کیس کو بھی سنیں گے اور آئندہ سماعت پر دائرہ اختیار پر مزید رائے لی جائے گی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔






