سیالکوٹ میں 24 گھنٹوں میں 355 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد رنگ پورہ، شہاب پورہ، دارا آرائیاں، علامہ اقبال چوک، پریم نگر سمیت متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ڈی سی کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزید دو سے چار گھنٹے بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 77 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ سیلاب کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے اور متاثرہ دیہاتوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح 3 لاکھ 65 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی، جبکہ دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 10 ہزار اور جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 42 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے اور کرتارپور سمیت مختلف مقامات سے اب تک 257 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔






