راولپنڈی: پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی سمیت مختلف اضلاع میں پاک فوج کے جوان متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد سے بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کو ریسکیو کیا گیا اور انہیں فوری طور پر امدادی مراکز پہنچایا گیا ہے۔
پاک فوج نے سول انتظامیہ کے تعاون سے ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیلاب متاثرین نے بروقت کارروائی اور خدمت پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا ہے۔




