کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ محمد جنید غفار نے کہا ہے کہ ورچوئل اثاثوں اور کرپٹو کرنسی سے متعلق کیسز کے لیے کئی قوانین میں ترامیم ناگزیر ہیں۔
سندھ جوڈیشل اکیڈمی میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپٹو کرنسی عوام کے لیے نئی چیز ہے، ایف آئی اے کو اس سے متعلق متعدد آن لائن بزنس کیسز کا سامنا ہے جبکہ عدالتوں میں خفیہ یا غیر قانونی اثاثوں کی منتقلی کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ججز کے لیے ٹریننگ ناگزیر ہے، کرپٹو اور بلاک چین پر قانون سازی کے باوجود حکومت کو تحفظات ہیں، اسی لیے اسٹیٹ بینک نے پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ صرف 15 فیصد افراد کرپٹو ایکسچینج استعمال کرتے ہیں اور اس معاملے میں گرے لسٹ کا خدشہ موجود ہے، اسی لیے حکومت محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے فیصلے تک کوئی بڑی پیش رفت ممکن نہیں، سندھ ہائیکورٹ اپنے ریکارڈ کو بتدریج ڈیجیٹائز کر رہا ہے لیکن قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے پرائیویٹ پارٹنرشپ نہیں کی جا سکتی۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ کرپٹو سے متعلق آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا ہے مگر اس میں عدالت یا ٹریبونل کا کردار واضح نہیں۔ جب تک ترامیم نہیں کی جاتیں، عدالتیں ورچوئل اثاثوں سے متعلق کیسز کو مکمل طور پر نہیں چلا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں قانون نہیں بناتیں بلکہ اس کی تشریح کرتی ہیں۔





