لاہور: پنجاب میں تین دریاؤں کے سیلابی پانی سے 2,038 موضع جات متاثر ہوئے اور 15 لاکھ 16 ہزار 603 افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں اور ریسکیو و ریلیف آپریشن براہِ راست ان کی نگرانی میں تیزی سے جاری ہے۔ 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد اور 4 لاکھ 5 ہزار مویشی محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ 511 ریلیف اور 351 میڈیکل کیمپس 24 گھنٹے متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 808 کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور گزشتہ 36 گھنٹوں میں 68,477 افراد کو محفوظ کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کے بعد تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی، اور ریسکیو اور ریلیف میں دن رات کام کرنے والے اہلکاروں کو “ہیروز” قرار دیا۔






