اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینکوں کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری کی نگرانی اور زرمبادلہ کے ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا آن لائن رپورٹنگ سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری سرکلر کے مطابق نیا سسٹم پرفارمنس ایویلیوایشن سسٹم فار انویسٹمنٹ ابراڈ (PESIA) کے نام سے تیار کیا گیا ہے، جو مجاز ڈیلرز (ADs) کو اسٹیٹ بینک کے ڈیٹا اکوزیشن پورٹل (DAP) پر بیرونِ ملک ایکویٹی سرمایہ کاری (EIA) کے لین دین کا ڈیٹا جمع کرانے کی سہولت فراہم کرے گا۔
سرکلر کے مطابق یہ نظام 10 مختلف ڈیٹا فائل اسٹرکچرز (DFS) پر مشتمل ہے، جو ہر قسم کی EIA ٹرانزیکشنز کو ریکارڈ کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں، چاہے لین دین بینک خود کرے یا کلائنٹس کی جانب سے۔
بینکوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کمپلائنس رپورٹس جمع کرائیں، جن پر گروپ ہیڈ آف کمپلائنس کے دستخط ہوں اور تصدیق کریں کہ فراہم کردہ ڈیٹا درست، مکمل اور مقررہ وقت پر جمع کیا گیا ہے۔ پہلی رپورٹ 5 مارچ 2026 تک جمع کرانی ہوگی۔
سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ ڈیٹا میں کوتاہی، نامکمل یا غلط رپورٹنگ خلاف ورزی تصور ہوگی اور ایس بی پی مجاز ڈیلرز یا ان کے عملے کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 یا دیگر قوانین کے تحت قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔






