بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر مالے گاؤں سے ووٹر آئی ڈی پر مارول ولن تھانوس کی تصویر کے ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ووٹر لسٹ میں تھانوس کی تصویر کی موجودگی پر صارفین نے مزاحیہ میمز بنائے اور اس کے ساتھ ساتھ ووٹر لسٹ میں ممکنہ غلطیوں پر بھی سوالات اٹھائے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ووٹر آئی ڈی میں مبینہ طور پر نام، عمر اور پتہ ناقص یا نامکمل درج تھا، جس کے بعد یہ سوال پیدا ہوا کہ سرکاری انتخابی فہرست میں ایسی غیر معمولی غلطیاں کیسے ہو سکتی ہیں۔
مالے گاؤں کے سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے الزام عائد کیا کہ ان کے حلقے میں 6 ہزار سے زائد ووٹرز بغیر پتے کے رجسٹرڈ ہیں، 3 ہزار 502 شناختی کارڈز پر جعلی تصاویر موجود ہیں، اور 11 ہزار سے زائد ڈپلیکیٹ ووٹ بھی پکڑے گئے ہیں، جس سے انتخابی فہرست کی شفافیت پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔






