پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوری معاوضوں کی ادائیگی اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ویڈیو لنک اجلاس میں بتایا گیا کہ 411 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے 352 کے لواحقین کو 704 ملین روپے ادا کیے جا چکے ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے 60 کو 30 ملین روپے دیے جا چکے ہیں۔ متاثرہ گھروں کے لیے مجموعی طور پر 595 ملین روپے ادا کیے جا چکے ہیں اور 29 ہزار 631 فوڈ پیکجز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ معاوضوں کی ادائیگی کے بعد بحالی کے کام فوری طور پر شروع ہوں، متاثرہ انفراسٹرکچر کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز خود کریں، اور دریاؤں و آبی گزرگاہوں کی ڈیسلٹنگ اور تجاوزات ہٹانے کے اقدامات بلا امتیاز کیے جائیں۔
علی امین گنڈاپور نے اسکولوں اور صحت مراکز کے لیے پری فیب اسٹرکچرز لگانے اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔






